اوکاڑہ؛ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور پی ٹی آئی رہنما چوہدری سلیم صادق نے ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح کر دیا

19

اوکاڑہ29اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق نے اوکاڑہ ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح کیا۔ میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کی جانب سے شروع کی جانے والی صفائی مہم میں شہر کی روزانہ ایک یونین کونسل میں صفائی کی جائے گی، صفائی مہم میں میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کے ساتھ ساتھ دیگر تمام متعلقہ ادارے بھی حصہ لیں گے اور اس صفائی مہم میں پنجاب سیٹیز پروگرام کے تحت  28 کروڑ روپے سےخرید کی گئی مشینری استعمال کی جائے گی ۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق نے ہفتہ صفائی مہم کی افتتاحی مہم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے ،کوڑا کرکٹ کو روزانہ کی بنیاد پر شہر سے اکٹھا کر کے محفوظ انداز میں تلف کرنے کے لئے پنجاب سیٹیزپروگرام کے تحت خریدی گئی مشینری ایک موثر کردار ادا کرے گی، لوگوں کی سہولت اور شہریوں کی آسانی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا  کہ  پنجاب حکومت کی تعمیر و ترقی اور علاقائی ترقی کے لئے شروع کی گئی سکیموں اور پراجیکٹس کو سو فیصد مکمل کیا جائے گا ترقی کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور سوک سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں سے شدید متاثر ہو رہاہے خصوصاََ جنوبی پنجاب کے لوگ اس وقت مشکل صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں ۔انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ مصیبت اور پریشانی کی اس گھڑی میں ہم اپنے سیلاب زدہ بھائیوں کو کسی صورت نہیں بھولیں گے ان کی بھر پور مدد کی جائے گی۔

  ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اوکاڑہ کی تعمیر و ترقی ، صفائی ستھرائی اور نا مکمل منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ اوکاڑہ میں میڈیکل کالج کی تعمیر کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے اور جلد اس پر کام شروع ہونے جا رہا ہے ۔انہوں   نے اوکاڑہ کو صاف ستھرا اور مثالی شہر بنانے کے لئے اپنےمضبوط  ارادہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم کی میں ذاتی طور پر نگرانی کروں گا ۔

چوہدری سلیم صادق نے کہا کہ ہمارا فرض بنتا ہے کہ اگر ہمارے پاس دو روٹی کی گنجائش ہے تو ہم ایک روٹی خود کھائیں اور دوسری روٹی اپنے سیلاب زدگان کے لئے بھجوائیں آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی ہر صورت مدد کرنا ہے۔