حیدرآباد؛ وزیراعظم کمیٹی برائے تعین نقصانات بارش و سیلاب کا بدین کا دورہ، نقصانات کا جائزہ لیا

31

بدین،02 اگست (اے پی پی): مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تعین کرنے کے لئے وزیر اعظم کی جانب سے صوبہ سندھ کے لیے بنائی گئی وفاقی وزراء کی کمیٹی نے آج ضلع بدین دورہ کیا۔ صوبائی کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان،  وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق اور ایم این اے کھیل داس کوہستانی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر برائے جامعات اینڈ بورڈ محمد اسماعیل راہو، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی پیر نور اللہ قریشی،  ایم پی اے تاج محمد ملاح، ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ،  ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان ، ایس ایس پی بدین  اور دیگر نے انہیں بدین آمد پر خوش آمدید کیا۔

وفاقی وزراء کی کمیٹی نے بدین شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تبدیلی  کا سامنا ہے جبکہ کمیٹی کے دورے کا مقصد امدادی کارروائیوں، زمینی صورتحال اور مون سون کا ریکارڈ، بارشوں اور سیلاب کے نقصان کا جائزہ لینا ہے تاکہ کمیٹی علاقوں کی بحالی کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات پیش کرے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر میں کمیٹی کو ضلع بدین میں ہونے والی بارشوں اور ریلیف کے کاموں کے متعلق ڈپٹی کمشنر بدین نے تفصیلی بریفننگ دی۔