جوہرآباد ، 14 اگست (اے پی پی ):ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خوشاب میں بھی جشن یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ یوم آزادی کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ضلع کونسل ہال جوہرآباد میں ھوئی جہاں ایم پی اے ساجدہ اھیر نے پرچم کشائی کی جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوھرآباد میں داخل مریضوں میں مٹھائی اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے۔
جشن آذادی کے سلسلہ میں نورپورتھل میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر تحصیل نور پور تھل سردار مہتاب احمد خان بلوچ نے پرچم کشائی کی جبکہ پولیس تھانہ نورپورتھل کے چاک و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی دی۔
اسسٹنٹ کمشنر سردار مہتاب احمد خان بلوچ نے جشن یوم آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا اور شرکاء تقریب میں مٹھائی تقسیم کی گئی جبکہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔
بعدازاں قومی شجرکاری مہم کے تحت تحصیل آفس نورپورتھل کے احاطہ میں اسسٹنٹ کمشنر سردار مہتاب احمد خان بلوچ، صحافیوں سمیت مختلف مکاتب فکر کے افرادنے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔
نوشہرہ وادی سون مین بھی جشن آزادی جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے ، پرچم کشائی کی تقریب اے سی آفس میں ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ نے قومی پرچم لہرایا جںکہ سکول کے بچوں نے قومی ترانے پیش کیے۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام مسلم لیگ ہاؤس جوہرآباد میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، ضلعی صدر سابق سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد نیازی نے پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا ۔
تقریب میں مسلم لیگ (ن ) کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی اور موجودہ حکومت کی ملک استحکام معاشی خودداری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔











