رحیم یارخان،13اگست (اے پی پی):رحیم یار خان کی تحصیل فیروزہ میں مسافر کوچ پر ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجہ میں 13 مسافر جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثہ تیز بارش اور روڈ پر پڑے گڑھے میں مسافر کوچ پھنس جانے کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ کے مطابق حادثہ فیروزہ روڈ پر پیش آیا جہاں مسافر بس کھڑے پانی سے گزرتے ہوئے گڑھے میں پھنس گئی اور مخالف سمت سے آنے والا ٹرک گڑھوں کے باعث بے قابو ہو کر مسافر کوچ پر الٹ گیا ۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں ، کرین کی مدد سے ٹرک کو سیدھا کیا گیا ، مسافر کوچ کی چھت ٹرک کے نیچے آکر دب گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بس میں 18 مسافر سوار تھے جن میں سے 13 مسافروں کی نعشیں اور 5 زخمی افراد کو فیروزہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے فیروزہ شہر کے وسط میں شاہی روڈ کا 2 فرلانگ سڑک کا ٹکڑا سیوریج کی خرابی کے باعث ٹوٹا ہوا ہے جس کے باعث 13 قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ۔











