رحیم یار خان؛ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد

2

رحیم یار خان،05 اگست (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے موقع پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ 05 اگست مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اس دن نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی نے متنازعہ علاقے کو طاقت کے ذریعے تقسیم کرنے کی کوشش کی، جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے جرات، بہادری اور عظیم قربانیوں کے ساتھ بھارتی اقدامات کے خلاف مزاحمت کی اور بھارتی قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 5 اگست 2019 کو اٹھائے گئے تمام غیر قانونی سامراجی اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بھارتی مظالم اور اس طرح کی زبردستی کارروائیاں انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہیں،حکومت پاکستان اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیریوں کو حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یوم استحصال کشمیر ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) عبدالطیف خان،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریاست علی ضلعی افسران، سول سوسائٹی ۔ تاجر برادری، طلباء اور شہریوں نے شرکت کی۔