زمرد خان یتیم بچوں کی کفالت کر کے قومی خدمت کر رہے ہیں؛ وزیراعظم شہباز شریف

5

اسلام آباد،14اگست  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو یہاں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پاکستان سویٹ ہومز کا دورہ کیا اور جش آزادی کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  زمرد خان اور ان کے ساتھیوں نے یہ عظیم ذمہ داری سنبھالی ہے۔ایسے بچے جو والدین کے سایہ سے محروم ہیں ان کے سروں پر دست شفقت رکھنے والے دین ودنیا دونوں کمارہے ہیں،اس کااللہ انہیں اجر دے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں،سینکڑوں بے سہارا بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں،ان کے لئے مفت تعلیم،قیام وطعام کا اہتمام کیا گیا ہے۔،ان کو جدیدعلوم سے آراستہ کررہے ہیں اس سے بڑی کوئی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ بچے جن سے ان کے بارے میں ابھی دریافت کیا،ان کے والدین وفات پاچکے ہیں اور ان کے خاندان کے لئے کافی معاشی مشکلات ہیں،زمرد خان کو وہ اپنا پاپا جانی کہتے ہیں،یہ حقیقی معنوں میں ایک باپ اور استاد کا رول ادا کررہے ہیں اور ان کے سروں پر ہاتھ رکھ رہے ہیں ،اس سے بڑی کوئی انسانی خدمت نہیں ہوسکتی۔