سانگھڑ؛ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت بارش متاثرین کو فی خاندان 25 ہزار امداد فراہم کرنے کا عمل شروع

56

سانگھڑ، 26 اگست (اے پی پی):سانگھڑ میں وفاقی حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد بارش متاثرین کو فی خاندان 25 ہزار امداد فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے مختلف شہروں میں 10 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

 وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا ماری کی جانب سے ملک بھر کے بارش متاثرین کو فی خاندان 25 ہزار روپے دینے کے اعلان کے بعد رقم کی تقسیم کے لیے ضلع سانگھڑ میں 10 مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 2 مرکز سانگھڑ شہر، 2 مرکز کھپرو، ایک سنجھورو، ایک ٹنڈو آدم، ایک کنڈیاری، ایک جام نواز علی، ایک بیرانی اور ایک شہدادپور میں قائم کیا گیا ہے۔ ان مراکز کے ذریعے ضلع بھر کے 1 لاکھ 30 ہزار 285 متاثرہ خاندانوں کو فی خاندان 25 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں، تمام مراکز کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ فنڈز کی تقسیم کو شفاف بنایا جا سکے۔

رقم وصول کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں رقم ملنے سے ان کی تکالیف کسی حد تک کم ہوئی ہیں اور رقم ملنے کے بعد وہ بازاروں میں جا کر اپنی ضروریات کا سامان مثلاً راشن، کپڑے، برتن، بارش سے بچاؤ کا سامان، مچھر دانی، چارپائیان اور دیگر مطلوبہ سامان کی خریدری کر رہی ہیں تاکہ اس مشکل وقت میں اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو بچا سکیں۔