ریاض،30اگست(اے پی پی):پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر سمندر پار پاکستانی تشویش کا شکار ہیں قونصلیٹ اور سفارتخانہ اس سلسلے میں کوشش کررہا ہے کہ کمیونٹی کی جانب سے فنڈز زیادہ سے زیادہ پاکستان بھیجے جاسکیں۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور نے منگل کو یہاں شاہ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف کے نگران ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے ملاقات کی جس دوران انہیں پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور امیر خرم راٹھور نے انسانی امداد اور ریلیف سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔سفیر نے کے ایس ریلیف کے انسانی ہمدردی کے کاموں اور ضرورت مند لوگوں اور دنیا بھر کے ممالک کی مدد کے لیے ادارے کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
اطلاعات کے مطابق شاہ سلمان کے امدادی ادارے کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے آئیندہ دو دنوں میں امداد کا اعلان کیا جائے گا اور بنک اکاوئنٹ کا اعلان ہوگا، جس میں پرائم منسٹرریلیف فنڈز کے اکاؤنٹس بھی دئے جائینگے۔
دوسری جانب جدہ میں قونصل جنرل خالد مجید نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کمیونٹی اجلاس بھی طلب کیا،جس میں امدادی کاموں کے سلسلے میں ہدایات کے ساتھ کمیونٹی کے سرکردہ افراد سے رائے بھی طلب کی گئی، کمیونٹی کے اجلاس میں جدہ کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی پاکستان کمیونٹی نے زوم پر شرکت کرکے اپنی رائے سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے پاکستانی بھائیوں کی فوری مدد کرنے کا اعادہ کیا ۔
پاکستان قونصل جنرل خالد مجید نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ اورسیز کمیونٹی نے کسی بھی مشکل وقت میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور یہ جو سیلاب آیا ہے یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمیشہ کی طرح اس مشکل وقت میں بھی پاکستانی کمیونٹی بھر پور طریقے سے اپنے مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بھر پور امداد کرے گی۔
سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے کیش رقم کی صورت میں روشن ڈیجٹل اکاؤنٹ کے ذریعے دی جا سکتی ہے اور وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیات دئیے بھی جا سکتے ہیں، جبکہ دوسری اشیاء بھی جمع کر کے پی آئی اے کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک ریلیف کمیٹی بنائی جا رہی ہے جس میں مغربی ریجن سے کمیونیٹی نمائندوں کو لیا جائے گا اور مشاورت سے آگے بڑھا جائے گا۔