سکھرمیںاسی سال کامسیٹ یونیورسٹی کا کام شروع ہوگا؛ وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ

20

سکھر،12اگست(اے پی پی): وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا  ہے کہ سندھ حکومت پرائمری تعلیم کی بہتری کے لیے اقدامات کررہی ہے، چاہتے ہیں کہ بچے سالانہ 850 گھنٹے شوق سے پڑھیں اور حکومت انہیں ہر سہولت فراہم کرے گی،سکھر میں اسی سال کامسیٹ یونیورسٹی کا کام شروع ہوگا۔

ان خیالات کااظہار  انہوں نے جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ سکھر بورڈ کو فنڈز کی کمی نہیں ہے، ملک میں بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی ان کا خواب ہے جس کا آغازسکھر سے کردیا ہے اس وقت اچھی یونیورسٹیز بھی ہیں اور اچھے اسکول بھی ہیں مگر یہاں پرائیویٹ سیکٹر بھی آئے اس کے ادارے بھی ہوں تاکہ پرائیویٹ سیکٹر اور سرکاری اسکولوں کے درمیان مقابلے کا رجحان بڑھے، حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو اس حوالے سے سہولیات فراہم کرے۔

  وفاقی وزیر خورشید شاہ نے  کہا کہ میری خواہش ہے کہ علاقے کے سرکاری اسکولوں کو اس سطح پر لے جاؤں کہ لوگ اپنے بچوں کو وہاں بھیجتے ہوئے فخر محسوس کریں۔انہوں نے کہا کہ سکھر میں اسی سال کامسیٹ یونیورسٹی کا کام شروع ہوگا، آئی بی اے پبلک اسکول میں نیا آڈیٹوریم تعمیر ہوگااور آرٹ لائبریری بنائی جائی گی اور طلباء کے لیے200 کمروں کا ہاسٹل تعمیر کرائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ  تعلیم کے حوالے سے ہر شخص ذمہ داری محسوس کرے اچھے کام پر تعریف بھی ہونی چاہیئے صرف تنقید نہیں ہونی چاہیئے، صرف دو ماہ صبر کریں سکھر کے ہر اسکول میں اعلی معیار کا فرنیچر فراہم ہوگا۔