ملتان، 12 اگست (اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں رضوان نذیر نے کہا ہے کہ تمام محکمے جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں،وطن کی محبت ہمارے لئے سرمایہ حیات ہے۔
جشن آزادی کے سلسلے میں پنجاب آرٹس کونسل ملتان کے زیر اہتمام تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گولڈن جوبلی تقریبات ملی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہیں، ملتان آرٹس کونسل میں تحریک آزادی کے مختلف واقعات پر مبنی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے، نمائش میں تحریک آزادی کے قائدین، ہجرت اور دیگر اہم مناظر عکس بند کیے گئے ہیں۔
ملتان آرٹس کونسل نے آزادی تقریبات کے سلسلے میں مصوری کے مقابلے کا بھی انعقاد کیا جس میں طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نہال یشل نے مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اقراء محسن نے دوسری اور محمد احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی شایان شان طریقے سے منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی تقریبات کے ساتھ ساتھ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آ رہا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال نے بتایا کہ آج خطاطی کا مقابلہ کرایا جائے گا جس میں 15 سے 30 سال کی عمر کے نوجوان شرکت کر سکتے ہیں۔ 13 اگست کو ملی نغمے کا مقابلہ جبکہ 14 اگست کی شام میوزیکل پروگرام کرایا جائے گا جس میں خطے کے نامور گلوکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔











