سکھر ،04 اگست (ا ے پی پی ):آئی جی موٹر وے خالد محمود اور ڈی آئی جی موٹر وے سندھ فدا حسین مستوئی کی خصوصی ہدایت کے بعد پورے ملک میں پولیس کے شہداء کا دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں سکھر سیکٹر میں مختلف دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا،موٹر وے پولیس کی بیٹ اور ہیڈ کواٹر میں شہداء کے ایصال و ثواب کے لئے قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔جبکہ ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر زاہد نذیر وریاہ نے دیگر افسران کے ہمراہ شہداء کی قبروں پر سلامی پیش کی اور شہداء کے اہلخانہ کے گھر جاکر شہداء کے دن کے موقع پر انہیں گلدستے اور تحائف بھی پیش کیے اور ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء جنہوں نے فرض کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں ہمارے لئے قابل فخر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کی قومی خدمات پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب موٹر وے پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے سکھر سیکٹر کی مختلف کالجز، اسکول، یونیورسٹیز میں شہداء کے دن کے حوالے سے بھرپور طریقے سے منایا گیا۔جس میں دعائیہ تقریبات اور طلبہ و طالبات سے شہداء کے دن کے موقع پر کوئز پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر درست جوابات دینے والے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔











