نوشہرہ، 29اگست(اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں نوشہرہ اور چارسدہ کا دورہ کیا، سیلاب سے ہونیوالے نقصانات اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے کییلئے نوشہرہ پہنچ گئے، نوشہرہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں اور امدادی کیمپ کا دورہ کیا، گورنمنٹ کامرس کالج نوشہرہ میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم کردہ امدادی کیمپ بھی گئے اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام اقدامات کی ہدایت کی ہے،
بعدازاں وزیراعظم نے چارسدہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا، امدادی صورتحال کا جائزہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں کو سیلاب کا سامنا ہے، این ڈی ایم اے ،پی ڈی ایم اے افواج پاکستان کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، سیلاب کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کا ہے، دوست ملکوں کے سربراہوں نے اس آفت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور مدد کریں۔ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس ،دس لاکھ روپے دیئے جاررہے ہیں، حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کو 25ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔











