شوکت ترین نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وزرائے خزانہ کے ساتھ ملکر پاکستان کے خلاف سازش کی ہے، آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ بنا کر ان کا ٹرائل کیا جائے، چوہدری عابد شیر علی 

8

فیصل آباد  31  اگست (اے پی پی):این اے 108 سے مسلم لیگ ن کے امید وار اور سابق وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وزرائے خزانہ نے شوکت ترین کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف سازش کی ہے۔ عمران خان غدار ہیں، انہوں نے پاکستان اور قوم سے غداری کی ہے اسلئے عمران خان، شوکت ترین، محسن لغاری اور تیمور جھگڑا کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ بنا کر ان کا ٹرائل کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی طلال چوہدری، ممبر صوبائی اسمبلی خلیل طاہر سندھو، ممبر صوبائی اسمبلی طاہر جمیل، سابق ایم پی اے شیخ اعجاز اور رانا احمد شہر یار خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 108 کے الیکشن میں پرویز الہٰی کی سر براہی میں ہمارے خلاف غنڈا گردی کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز، کارپوریشن اور پی ایچ اے کے سربراہان ہمارے خلاف غیر قانونی سر گرمیوں میں مصروف ہیں۔ ہمارے سپورٹرز کو نامعلوم نمبر ز سے دھمکی آمیز کالز آ رہی ہیں جبکہ ڈی ٹائپ، سمندری روڈ، علامہ اقبال کالونی، ڈجکوٹ روڈ سمیت تمام حلقہ سے راتوں رات ہمارے پینا فلیکسز اور بینرز اتارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو متنبہ کیا کہ ہمارے صبر کو نہ آزمائیں اور معاملات کو اس حد تک نہ لے کر جائیں کہ ہم عمران خان کو فیصل آباد میں جلسہ نہ کرنے دیں۔ ہم پر امن طریقے سے الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرے اسلئے انتظامیہ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔اگر ہم نے اپنے کارکنوں کو کال دے دی تو پھر کسی بھی تقصان کی ذمہ دار ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت ہو گی، پھر نہ کوئی جلسہ کر سکے گا نہ ہی کوئی کارنر میٹنگ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ اپنے اقدامات سے این اے 108 کے الیکشن کوخانہ جنگی کی طرف لے کر جارہی ہے، اگر اس سے باز نہ آیا گیا تو تمام اداروں کا گھیر اؤ ہو گا اور دما دم مست قلندر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے، عوام میں عمران خان کے خلاف نفرت اور غصہ ہے، ان حالات میں عمران خان کو کون ووٹ دے گا۔ عمران خان اور اس کے حواری بیرون ملک لوگوں کو پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد سے روکتے ہیں۔ یہ اپنے غیر ملکی  آقاؤں کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔ یہ جن کیلئے کام کر رہے ہیں انہی کے پاس چلے جائیں۔ انہوں نے بجلی کے بلوں میں غریب عوام کو ریلیف دینے پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کو 1 ارب17 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے سے مستقبل میں وفاقی حکومت عوام کیلئے بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں مزید کمی کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں صنعتوں، پاور لوم انڈسٹری کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور ریاست پاکستان ملکی سلامتی کیلئے اکھٹے آگے بڑھیں گے اور عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے بھی سختی سے ہدایت کی ہے کہ غریب عوام کو پٹرول، بجلی، گیس اور روز مرہ کے کھانے پینے کی اشیاء میں ریلیف دیا جائے۔ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تو ہین عدالت کے اور کیس میں فیصلہ ہونے جا رہا ہے، عوام اس فیصلے کو بھی ن لیگ کے خلاف کیے گئے فیصلوں کے معیار پر جانچے گی۔ عمران خان نے جج کا نام لے کر توہین عدالت کی ہے اور سٹیج پر کھڑے ہو کر ان کو دھمکی دی ہے۔ اداروں کو دھمکیاں دینا عمران خان کی پرانی عادت ہے، کل بھی انہوں نے اپنے عدالت کو جمع کروائے گئے بیان میں معافی مانگنے کی بجائے ادھر اُ دھر کی باتیں کی ہیں پھر بھی عمران خان کو اتنی سہولتیں مل رہی ہیں۔ عمران خان اداروں کو دھمکیاں دینے کا عادی مجرم ہے۔ 2013 میں بھی اس کی انہی حرکتوں کی وجہ سے عدالت کی طرف سے وارننگ دی گئی تھی لیکن یہ پھر بھی اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہے۔