صوبائی وزیراوقاف پیرسعیدالحسن شاہ کا دورہ نارووال،محرم الحرام میں امن وامان  کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی

4

نارووال،07 اگست ( اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رکن پنجاب اسمبلی و سابق صوبائی وزیراوقاف پیرسعیدالحسن شاہ کا محرم الحرام کے حوالے سےدورہ نارووال،پیرسعیدالحسن کی صدارت میں امن وامان کے سلسلہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا،ڈپٹی کمشنر شاہدفرید اور ڈی پی اواسد سرفرازکے علاوہ ممبران امن کمیٹی شیخ ثائرعلی اور علامہ قاضی محمد یعقوب رضوی کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز سلمان احمد لون،ماریہ جاوید سمیت قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنرشاہدفرید نے پیرسعیدالحسن شاہ کو ضلع نارووال میں امن وامان کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او اسدسرفراز نے ضلع بھرمیں منعقدہ جلوس اورمجالس کی سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں اراکین امن کمیٹی نے پیرسعیدالحسن شاہ اور افسران کو ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے حوالہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

 پیرسعیدالحسن شاہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن فضا کے قیام کو ہر قیمت پربحال رکھا جائے اور  سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے جائیں،اس ضمن میں ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمدکو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کیلئے مقررہ روٹس اور وقت کی پابندی انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قابل اعتراض مواد کی اشاعت و تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی پربلاامتیاز کارروائی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نارووال اور ڈی پی او نارووال  کمشنر نےکہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں، قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گئی ۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جارہی ہے جو کنٹرول روم سے منسلک ہیں اور کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں کی ہر زاویے سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ محرم الحرام کے حوالہ سے تمام ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں کو سخت سیکورٹی حصار میں رکھا گیا ہے اور تمام حساس ماتمی جلوسوں کے راستوں میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پربھی سیکورٹی اہلکارچوکس ہیں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طر ف سے اس ضمن میں مکمل محرم سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

پیر سعید الحسن نے اس موقع پر قائم کیے گئے کنٹرول روم کابھی جائزہ لیا۔