عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی؛ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

22

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے افواج پاکستان اور اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے بیٹے ارسلان نے شہداء اور ان کی فیملیز کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی، عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ان کا لکھا ہوا بیان پڑھا، عمران خان ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اپنی جماعت کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا، آج ان کی جماعت سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ فارن فنڈنگ کہاں گئی، جو نفرت کے بیج عمران خان نے بوئے، آج اسے کاٹ رہے ہیں، عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، فساد، انتشار اور غنڈہ گردی پر مبنی ہے، عمران خان نے 2013ء سے 2022ء تک آنے والے پیسے کا حساب ابھی دینا ہے۔

 بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پریس ٹاک میں کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو فوج سے لڑانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے توشہ خانہ میں کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں کی۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کوئی پی ٹی آئی کو نقصان پہنچا رہا ہے تو اس شخص کا نام عمران خان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف اور ترجمان نے ان کا لکھا ہوا سکرپٹ اے آر وائے ٹی وی چینل پر پڑھا، اے آر وائے نے تمام صحافتی تقاضوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اسے آن ایئر کیا۔ انہوں  نے کہا کہ عمران خان اس لئے گھبرائے ہوئے تھے کہ ان کی پارٹی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے بیٹے ارسلان نے ان شہدا کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی، یہ مہم پاکستانیوں، شہداء کی فیملیوں اور مسلح افواج کے خاندانوں نے بھی دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی اپنی فوج اور شہداء کے بارے میں ٹرولنگ کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جو نفرت کے بیج بوئے آج اسے کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری سیاست نفرت، فتنہ، انتشار، غنڈہ گردی اور فساد پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان  نے خود شروع کی اور وہ اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو نواز شریف سے کیسے ملا سکتے ہیں؟ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم رہے ہیں، انہوں نے اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کو جتنی ترقی دی عمران خان اس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کی سالمیت، بقا اور دفاع کیلئے جو کام کئے پاکستان کا ذرہ ذرہ اس کی گواہی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صرف یہ کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور آج بھی ہمارا یہی موقف ہے لیکن عمران خان اداروں کو بغاوت اور سیاسی مداخلت پر اکساتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف نے عمران خان کی ہدایت پر جو بیان دیا، اس حوالے سے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ عمران خان کے ترجمان نے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک ہیں جنہیں اپنے اوتھ کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فوج کی کمان کے احکامات نہ ماننے پر انہیں اکسایا۔

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے خیالی میڈیا سیل کو حکومت پاکستان کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا سیل شہداء کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو معیشت تباہ کرنے، ملک کی اکائیوں کو توڑنے، ملک کے نوجوانوں کو بے روزگار کرنے پر اقتدار سے الگ کیا گیا، جب انہیں اقتدار سے الگ کیا جا رہا تھا تو انہوں نے کہا کہ رجیم چینج ہے، جب انہیں پتہ چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے تو انہوں نے سازشی خط کا سہارا لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کو بھی خراب کیا، ملک کو بھی خراب کیا اور اب اداروں کی ساکھ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ لے کر اپنی پارٹی کو فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جب فارن فنڈنگ لی جاتی ہے تو پھر کمٹمنٹس بھی پوری کی جاتی ہیں۔ انہوں   نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کسی نے نقصان پہنچایا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے، عمران خان نے 351 فارن کمپنیوں سے فنڈنگ لی، اس وجہ سے پی ٹی آئی فارن ایڈڈ پارٹی ڈیکلیئر ہوئی۔ عمران خان  خیرات کے پیسے لے کر ذاتی استعمال میں لائے، انہوں نے جعلی بیان حلفی جمع کروائے، اپنے ملازمین کے نام پر پیسے منگوائے، آج اس کی تحقیقات ہو رہی ہیں تو وہ خوف میں مبتلا ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز شہداء کی تصاویر لگا کر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے رہے ہیں جبکہ عمران خان جب اقتدار کی کرسی سے محروم ہوئے تو انہوں نے شہداء کے خلاف مہم چلوائی۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر عمران خان سے سوال کیا جائے تو وہ جواباً اٹیک کرتے ہیں، یہ سسیلین مافیا اور گاڈ فادر کی سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ عمران خان نے کیا ہے آج اس پر پی ٹی آئی کا ہر کارکن ان سے سوال کرتا ہے کہ کیوں ان کی پارٹی کو فارن فنڈڈ پارٹی ڈیکلیئر کروایا گیا۔

نہوں  ایس، اسلام آباد

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر عمران خان کے مختلف مواقع پر ٹی وی چینل پر ہونے والی گفتگو کے کلپس بھی میڈیا کو دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کون سی جمہوریت میں ملک کے دفاع اور ریاستی اداروں میں دراڑیں ڈالی جاتی ہیں؟، کون سی جمہوریت میں میڈیا کو جیلوں میں بند اور صحافیوں کو گولیاں ماری جاتی ہیں؟ کون سی جمہوریت میں صحافیوں کی پسلیاں توڑی جاتی ہیں؟ کون سی جمہوریت میں ہوتا ہے کہ سیاسی مخالفین کے چلتے ہوئے ٹاک شوز بند کروائے جائیں؟۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ دور حکومت میں یہی کچھ ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان اپنے کرتوتوں کی وجہ سے اقتدار سے محروم ہیں، انہوں نے چار سال تک ملک کو لوٹا، معیشت تباہ کی، اپنے گھر کی خواتین سے کرپشن کروائی، عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف فروخت کئے اور انہیں ڈیکلیئر اس وقت کیا جب انہیں  فروخت کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں میں تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف جو زہر اگلے گا اس پر زیرو ٹالرینس ہے، اس عمل کوبرداشت نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سعودی عرب میں بھی نوجوانوں کو اکسایا جنہیں دس دس سال کی سزا ہوئی، ان کے حوالے سے عمران خان نے ایک بھی بیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کسی جنازے میں بھی شرکت نہیں کرتے کیونکہ انہیں بشریٰ بی بی کی اجازت نہیں ہے۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کا ہیلی کاپٹر امپورٹڈ فنڈ سے چلتا ہے جو فساد اور فتنے کے لئے تو استعمال ہو سکتا ہے لیکن وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دھرنا دے کر سی پیک کو روکنے کوشش کی جبکہ نواز شریف نے سی پیک شروع کیا، بجلی کے منصوبے مکمل کئے، موٹر ویز تعمیر کیں، پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا اور عمران خان جب اقتدار میں آئے تو انہوں نے نواز شریف کے شروع کئے گئے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگائیں۔

 انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ اداروں کے اندر موجود لوگ آئینی حدود کو پار کریں گے تو وہ آئین شکن ہوں گے لیکن انہوں نے آج تک کسی ادارے کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی کرسی اور اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج اداروں کو آئین شکنی کا کہتے ہیں، آٹھ سال بعد ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وہ پکڑے گئے ہیں، انہوں نے اپنی پوری جماعت کا منہ کالا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کی پارٹی سے آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ وہ فارن فنڈنگ کہاں گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی عمران خان نے 2013ء سے 2022ء تک آنے والی فنڈنگ کا حساب دینا ہے۔