وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں پر پوری قوم کو فخر ہے، پارلیمان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے؛سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

12

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج سمیت تمام اداروں کے سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے، پارلیمان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں پاک فوج کے قافلے پر حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے جبکہ ایوان میں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

 بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں افواج پاکستان کے بہادر اور غیور جوانوں کو شہید کیا گیا، قوم اپنے ان سپوتوں پر ناز کرتی ہے جو وطن کے دفاع اور روایات کے ساتھ ساتھ دشمنوں کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج سمیت ہر پاکستانی وطن کے دفاع اور حرمت پر کٹ تو سکتا ہے لیکن وطن کے دفاع پر آنچ نہیں آنے دے گا، ہمیں اپنے شہداء پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ اپنی افواج اور شہداء کے خاندانوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گا اور افواج پاکستان کے ساتھ یہ پارلیمان شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سپیکر کے کہنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرائی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری برجیس طاہر کے سوال کے جواب میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے آڈٹ کا حکم دے دیا گیا ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے بلین ٹری سونامی منصوبے کے حوالے سے 14 انکوائریز نیب کو جاچکی ہیں جن کی تفصیلات سے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو نیب کی جانب سے آگاہ نہیں کیاگیا۔

وفاقی وزیر شہری ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے  ہوئے کہا ہے کہ  روزویلٹ ہوٹل ہمارا اثاثہ ہے اس کو آپریشنل کرکے آمدنی حاصل کرنے کی کوششیں کی جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل کو بیچنے کے خلاف ہوں، اس پراپرٹی کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں، اس پر کچھ پیسے لگا کر اس کے 1000 سے زائد کمروں میں سے 300 سے 400 کمرے بحال کریں گے، یہ کیس ہم ای سی سی میں لے کر گئے ہیں۔ یہ پرانی پراپرٹی ہے، وہاں کے کسی بڑے بلڈر کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچر کے ذریعے اس کو بحال ہونا چاہیے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحدپرغلام خان اور کرلاچی کراسنگ پوائنٹس دو ہفتوں سے بند ہیں جس سے ٹرانزٹ ٹریڈ کی بندش سے وہاں کی معیشت اور روزگار پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں، یہاں جمعیت علما اسلام ف کے کچھ لوگوں کو قتل کیا گیا جس کی وجہ سے یہ سڑک بند ہے، ان سے بات چیت کے لئے سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے جو جمعہ کو علاقے کا دورہ کرکے ان سے بات چیت کرے گی، خیبرپختونخوا میں طالبان کی موجودگی کے پی کے نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے۔

رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے دن رات لگے ہوئے ہیں، وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کر رہے ہیں، وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو فوری طور پر پانچ ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی۔

ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی ابو بکر نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے والوں کے خلاف سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال کی جارہی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ  آزادی کی قدر ان لوگوں سے پوچھی جائے جو غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں، ہندوستان کے مسلمانوں سے اس کی قدر پوچھیں جہاں مسلمان عورتوں کو حجاب پہننے سے روکا جارہا ہے، ان سے آزادی کی نعمت اور فوائد کے بارے میں پوچھیں۔ ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کو خوبصورت اور ترقی کرتا ہوا پاکستان دے کر جائیں۔

 بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے ساتھ ساتھ ایجنڈے میں شامل اہم امور نمٹائے گئے۔ بعد ازاں سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کی  رات 9 بجے تک ملتوی کردیا ۔