عمران خان کے اکسانے پر سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف مہم چلائی گئی؛ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

17

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے اکسانے پر سوشل میڈیا پر شہداء کے خلاف مہم چلائی گئی، عمران خان نے فوج کو کمانڈ کے احکامات ماننے سے انکار کرنے پر اکسایا۔

 بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ایک شخص ٹی وی سکرین پر نمودار ہوا جو خوف اور گھبراہٹ کا شکار تھا، عمران خان اس لئے گھبرائے ہوئے تھے کہ ان کی پارٹی کے ٹرولرز اور بشریٰ بی بی کے بیٹے ارسلان نے ان شہدا کے خلاف مہم چلائی جنہوں نے وطن عزیز کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ٹرولرز پکڑے گئے تو انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان کے کہنے پر یہ مہم چلائی، یہ مہم پاکستانیوں، شہداء کی فیملیوں اور مسلح افواج کے خاندانوں نے بھی دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان  نے خود شروع کی اور وہ اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو نواز شریف سے کیسے ملا سکتے ہیں؟ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم رہے ہیں، انہوں نے اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے صرف یہ کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور آج بھی ہمارا یہی موقف ہے لیکن عمران خان اداروں کو بغاوت اور سیاسی مداخلت پر اکساتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف سٹاف نے عمران خان کی ہدایت پر جو بیان دیا، اس حوالے سے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ عمران خان کے ترجمان نے کہا کہ لانس نائیک سے لے کر بریگیڈیئر تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ منسلک ہیں جنہیں اپنے اوتھ کی خلاف ورزی کرنے پر اکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فوج کی کمان کے احکامات نہ ماننے پر انہیں اکسایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خیالی میڈیا سیل کو حکومت پاکستان کے ساتھ جوڑا اور الزام عائد کیا کہ یہ میڈیا سیل شہداء کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان کی ذہنیت ہے، وہ ملک میں آگ لگانا چاہتے ہیں، انہوں نے اداروں کے اندر بغاوت کی کال دی۔