فیصل آباد،30 اگست (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رشیدآباد میں واقع مرچ گرائنڈنگ چکی پراچانک چھاپہ مار کررنگ کی آمیزش سے تیار کردہ310کلو ملاوٹی مرچیں اور3گرائنڈنگ مشینیں قبضہ میں لے لی ہیں جبکہ مالکان کیخلاف پنجاب پیور فوڈ ریگولیشنز کے سیکشن 22 (1)،23 اور27 کی سنگین خلاف ورزی پرپولیس تھانہ جھنگ بازارفیصل آبادمیں مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے ۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ملاوٹ سے پاک پنجاب مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد کی سربراہی میں جناح ٹاؤن ٹیم نے ملاوٹی اور مضر صحت مرچیں بنانے والے یونٹ پرچھاپہ مارا اور رشیدآباد میں واقع مرچ گرائنڈنگ چکی پر لاہور بھجوائے گئے مرچ کے نمونے مسترد ہونے پر کارروائی کی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔