پشاور، 25 اگست {اے پی پی}: قائمقام گورنرخیبرپختونخواہ مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت میں انجمن ہلال احمر پاکستان کی خدمات قابل تعریف ہیں، کیونکہ قدرتی آفات اور ہر مشکل گھڑی میں پاکستان ہلال احمر نے ہمیشہ بہترین کردار ادا کیا ہے-
ان خیالات کا اظہار قائمقام گورنرخیبرپختونخواہ مشتاق احمد غنی کی زیر صدارت پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی غیر معمولی جنرل باڈی کے گورنر ہاؤس میں اجلاس کے دوران کیا-
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) حامد خان کیجانب سے ذاتی مصروفیات کے باعث بطور چئیرمین ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا سے استعفے اورڈاکٹر حبیب اورکزئی کی بطور نئے چئیرمین پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا کی منظوری دی گئی جو آئندہ 3 برس (2023-25) کے لیے بطور چئیرمین پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا خدمات انجام دینگے-
اجلاس میں پاکستان ہلال احمر خیبرپختونخوا مینجنگ بورڈ کے 3 نئے ممبرز کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی۔ منیجنگ بورڈ کے نئے ارکان میں سٹیشن کمانڈر پشاور، سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا اور مینا خان آفریدی کے نام شامل ہیں۔
اجلاس میں پاکستان ہلال احمر کے 11 بورڈ ممبران کی مزید دو سال کے لیے توثیق کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس میں قائمقام چئیرپرسن ہلال احمر پاکستان خیبرپختونخوا عزرا جمشید نے قائمقام گورنر خیبر پختونخوا اور پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر کا مزکورہ ادارے کے ساتھ تعاون و معاونت کا شکریہ ادا کیا۔