اسلام آباد، 05 اگست (اے پی پی ): مسئلہ کشمیر، تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ 1947 کے آزادی ہند ایکٹ کے مطابق شاہی ریاستوں کو عوام کی امنگوں کے مطابق پاکستان یا بھارت کے ساتھ الحاق کرنا تھا۔پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے عوام کی ابھرتی آواز سے گھبراہٹ کا شکار مہاراجہ کشمیر نے 26 اکتوبر 1947 کو ایک معاہدے پر دستخط کر کے بھارت سے الحاق کر دیا ہے ۔
اس معاہدے کے مطابق امن و امان کے صورت حال ٹھیک ہوتے ہی جموع و کشمیر کی قسمت کا فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق کیا جانا تھا لیکن ایسا نہ ہوا۔
جنوری1948 میں پہلی بار جموع و کشمیر کے مسئلہ پر اقوام متحدہ سے رجوع کیا گیا ، معاملے کی تحقیقات کیلئے 20 جون 1948 کو ا قوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے اپنی قرارداد 39 کے ذریعے UNCIP تشکیل دیا۔ 21 اپریل 1948 کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قرارداد 47 بھی منظور کی گئی ۔ جس کے مطابق کشمیری عوام کی حق خودارادیت کیلئے آواز اٹھائی گئی ، جموع و کشمیر کو فوج اور مسلح افراد سے پاک کیا جائے اور اقوام متحدہ کے تعینات کردہ ایڈمسٹریٹر کی سربراہی میں رائے شماری کرائی جائے ۔بھارت نے آج تک جموع و کشمیر کو اپنی فوج سے پاک نہیں کیا اور نہ رائے شماری کی راہ ہموار کی ۔