مشیر وزیر اعظم امیر مقام اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر زاہد درانی کا لکی مروت کا دورہ

12

لکی مروت،03 اگست (اے پی پی ):وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر زاہد درانی اور وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے لکی مروت کا دورہ کیا اور  وفاقی حکومت کی طرف سے سیلاب سے جاں بحق افراد   کے لواحقین میں امدادی رقوم کےچیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لکی مروت کی طرف سے وزیر اعظم کے مشیر اور ڈپٹی اسپیکر کو سیلاب کی تباہ کاریوں اور دیگر نقصانات کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اب تک سیلاب سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 262مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وہ اور ڈپٹی اسپیکر سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، سیلاب متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، وفاقی حکومت کی طرف سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو دس لاکھ روپے دئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ڈپٹی اسپیکر زاہد درانی نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا علاقے میں سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے ، بہت جلد وزیر اعظم اور مولانا فضل الرحمان علاقے کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔  اس موقع پر لسبیلہ میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے افسران کی درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی گئی۔