ملتان، 21 اگست (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل پولیس خالد محمود کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی/زونل کمانڈر MC-II زون شاہد جاوید نے موٹروے پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کو ہدایات جاری کردیں جس پر تمام بیٹز میں عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تمام ڈرائیور کو بریف کیا جا رہا ہے کہ غنودگی اور نیند/ سستی کی حالت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں، اگر نیند آئے تو کسی مناسب جگہ پر رک کر آرام کریں، اس کے علاوہ نیند کا غلبہ کم کرنے کے لیے موٹروے پولیس کی جانب سے رات کے وقت موٹروے پر چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے منہ دھلوائے جا رہے ہیں اور چیونگم بھی تقسیم کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں ڈی آئی جی شاہد جاوید نے کہا کہ غنودگی یا نیند اور سستی کی صورت میں گاڑی چلانے سے گریز کریں۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ بس عملہ اور تمام مسافروں کو بریف کریں کہ ڈرائیور پر نظر رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کے قریب سیٹوں پر بیٹھے مسافروں کو بھی بریف کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈرائیور پر نظر رکھیں اور سستی یا لاپرواہی کی شکایت فوراً موٹروے ہیلپ لائن پر کریں جس پر خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیور حضرات کو جرمانہ کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ نومور مہم پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید بتایا کہ موٹروے یا ہائی وے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔