ملتان، 16 آگست(اے پی پی): کمشنر ملتان و چیئرمین ملتان آرٹس کونسل عامر خٹک نے تحریک آزادی تصویری نمائش کا افتتاح کر دیا، نمائش میں تصاویر کیساتھ تحریک پاکستان بارے کتب بھی موجود تھی۔
اس موقع پر کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے، تصویری نمائش سے بچوں میں تحریک آزادی سے متعلق آگاہی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے شہریوں بالخصوص نوجوانوں میں مثبت جذبات پروان چڑھتے ہیں۔
کمشنر عامر خٹک نے جشن آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے آرٹس کونسل کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ نمائش کا انعقاد ملتان آرٹس کونسل،نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے ہوا ہے، کتب و تصویری نمائش کو “تحریک پاکستان ماہ و سال” کا ٹائٹل دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تصویری نمائش کا مقصد نسل نو میں تحریک آزادی بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔