لاہور، اگست 16(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے ملک کی معیشت بہتر کرنے کے لیے ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔حکومتی پالیسیاں بناتے وقت بزنس کمیونٹی سے مشاورت کرنی چاہئیے، ملک کی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ اس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو چارٹر آف اکانومی بنانا چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن (پیاف) کے چئیرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا، ملاقات میں کاروباری طبقہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مختلف کاروبار سے وابستہ افراد نے گورنر صاحب کو دریش مسائل سے آگاہ کیا ۔
گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام ہو گا۔ سب کو مل کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو معاشی چیلنجز سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے لیکن امید کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیئے۔اکیڈیمیہ اور انڈسٹری میں رابطہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ ن نے سابق دور میں یونیورسٹیوں کو انڈسٹری سے منسلک کرنے کے لیے فنڈز رکھے۔
وفد نے گورنر پنجاب کو ڈیمرج، انفراسٹرکچر، سیورج، ٹیکسز سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ راجہ عدیل اشفاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کا اتار چڑھاو ملکی معیشت کےلئے نقصان دہ ہے اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کے لیے سفارشات متعلقہ شعبوں کو بھیج دی جائیں گی۔
وفد میں وائس چیئرمین پیاف راجہ عدیل اشفاق، سیکرٹری پیاف شیخ عبدالصبور, ایگزیکٹو کمیٹی ممبران لاہور چیمبر شامل تھے۔











