ملتان؛ کمشنر عامر خٹک نے “خوشحالی کیلئے درخت لگائیں” مہم کا آغاز کر دیا

2

ملتان،17 اگست(اے پی پی):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کمشنر آفس میں پودا لگا کر ملتان ڈویژن میں “خوشحالی کیلئے درخت لگائیں” مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

اس موقع پر کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم نومبر تک جاری رہے گی، نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر قومی زمینداری نبھائیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے پودوں کی حفاظت کا نظام وضع کرنا ضروری ہے۔

 کمشنر نے کہا کہ پچھلے سال کی گئی شجرکاری کا آڈٹ کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم صرف سرکاری مہم نہیں،سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس موقع پر ڈویژنل افسر جنگلات طارق محمود نے کہا کہ ڈویژن میں مون سون شجرکاری مہم میں 1877000 پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے ملتان ڈویژن میں ڈیڑھ ماہ میں 214490 پودے لگائے ہیں۔