ملتان، 13 اگست (اے پی پی ):جشن آزادی کے موقع پر ریسکیو 1122ملتان کے ہیڈ آفس چوک کمہا راں والہ پر جشن آزادی کے حوالے سے روڈ سیفٹی آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جس میں ٹریفک پولیس کی طرف سے روڈ سیفٹی کے نمائندگان اوراٹلس ہنڈا کے سیفٹی پروگرام کے ہیڈ ریجنل مینجر سیفٹی آصف غوری اور سیفٹی آفیسرمحمد عارف نے شرکت کی
ریسکیو 1122ملتان کی طرف سے ایمر جنسی آفیسر انجینئر احمدکمال (آپریشن)، ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال(ایڈمن)، ریسکیو سیفٹی آفیسر ارشد خان اور کنٹرول روم انچارج میاں مدثر ضیاء نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔
ایمر جنسی آفیسر انجینئر احمدکمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر ہر سال ایک کثیر تعداد نوجوانوں کی ون ویلنگ کرتے ہوئے حادثات کا شکار ہوجاتی ہے، ان حادثات میں جہاں بہت سارے لوگ عمر بھر کیلئے معذوری کا شکارہوجاتے ہیں وہاں کچھ لوگ اپنی جان سے بھی جاتے ہیں اور اپنے والدین اور لواحقین کو عمر بھر کا غم دے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خوشی کے اس موقع پر احتیاط کا مظاہرہ کریں نہ کہ جذبات کی رو میں بہہ کر اس خوشی کے موسم کو لہو لہو کر دیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم مہذب قوم کی طرح جشن آزادی کو منائیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے تیزرفتاری اور ون ویلنگ سے مکمل اجتناب اختیار کریں ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایمرجنسی آفیسر انجینئر محمد بلال نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں، اس حیثیت سے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے بچوں،گردونواح کے لوگوں کو پابند کریں کے وہ اس جشن آزادی کو سٹرکوں پر مرنے مرانے کی بجائے اچھے انداز میں منائیں۔انہوں نے کہا کہ اس خوشی کے موقع پر خداکا شکر ادا کریں جس نے ہمیں آزادی جیسی قیمتی نعمت سے مالامال کیا نہ کہ غیر ذمہ داری کا ثبوت دیں اور حادثہ کا شکار ہوجائیں۔
آخرمیں ریسکیو 1122اسٹیشن چوک کمہاراں والہ سے مدنی پارک تک ایک سیفٹی آگہی واک کی گئی جس میں شرکاء نے بینرز، پلے کارڈزاور پاکستانی پرچم لے رکھے تھے ۔