ملتان ؛ پی ایچ اے  کے زیر اہتمام آزادی واک کا اہتمام

6

ملتان، 13 اگست (اے پی پی ):پی ایچ اے ملتان کے زیر اہتمام آزادی واک کا اہتمام کیا   گیا ، واک کی قیادت ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اُسامہ اور ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس چوہدری غلام نبی نے کی جبکہ  ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر جاویدعارف سمیت دیگر آفیسران اور ملازمین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اُسامہ نے کہا کہ پی ایچ اے ملتان جشن آزادی کی 75سالگرہ کوشایانہ شان  انداز سے منا رہے ہیں، پی ایچ اے ہیڈ آفس کو جھنڈوں اور لائیٹس سے آراستہ کیا گیا ہے،14اگست بروز اتوار آرٹس کونسل پارک میں دن بارہ بجے شجرکاری کی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس چوہدری غلام نبی نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی بے پناہ قربانیوں کے بعد معرض و جود میں آیا۔ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے آج واک سے وطن عزیز سے والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ نے کہا کہ پاکستان کی جشن آزادی کو جوش و جذبے سے منائیں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن جاویدعارف نے کہاکہ پی ایچ اے ملتان اس سال جشن آزادی کو بھرپور انداز سے منانے جا رہا ہے۔اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں جھنڈے اُٹھارکھے تھے اور وہ وطن عزیز سے محبت کا والہانہ اظہار کر رہے تھے۔