ملتان، 26 اگست (اے پی پی ): وزیر اعلی’ پنجاب کی ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے جمعہ کے روز جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد اختر زمان کے ہمراہ جام پور، فاضل پور اور تونسہ میں ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔
چیف سیکرٹری نے سیلاب متاثرین کے علاج معالجے کیلئے موبائل ہیلتھ ٹیموں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات کا وافر سٹاک موجود ہونا چاہئے. انہوں نے سیلاب متاثرین کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے موقع پر انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر راجن پور کو ہدایت کی کہ سیلاب زرگان تک بروقت خوراک کی فراہمی کیلئے تمام ریونیو عملے کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں انسانی خدمت کے جزبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ روجھان، راجن پور، تونسہ، فاضل پور، وہوا اور جام پور کے علاقوں میں پہاڑی سیلابی ریلوں کیوجہ سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں. انہوں نے کہا کہ حکومت خوراک اور خیمے فراہم کر رہی ہے لیکن تکلیف اس سے کہیں زیادہ ہے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہرممکن وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ تمام انتظامی مشینری سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کے ازالے کیلئے سروے جلد مکمل کیا جائے گا۔
حکام نے چیف سیکرٹری کو سیلاب زدہ علاقوں میں جاری امداد اور بحالی کے کاموں بارے آگاہ کیا. بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب میں گھرے افراد کو کشتیوں کے ذریعے ریسکیو کیا جا رہا ہے. سیلاب متاثرین کوخوراک، فوڈ ہیمپرز اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ علاج معالجے کیلئے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں.











