ملک دشمن عناصر کوپاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے، سابق صوبائی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ

9

اٹک، 16 اگست (اے پی پی): سابق صوبائی وزیر کھیل پنجاب و لیگی ایم پی اے جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل(ر) شجاع خانزادہ شہید ملکی سالمیت کی جس جنگ میں شہید ہوئے ہیں وہ اسی جذبے اور جنون کے ساتھ وطن کی حفاظت کیلئے ہم سب مل کرآگے بڑھائیں گے اورملک دشمن عناصر کوپاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سہرا کرنل شجاع خانزادہ کے سر ہے۔شہدائے شادی خان سمیت پاکستان کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے سب شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں، آرمی کے جوانوں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان میں آج امن ہے، وہ اٹک کی تحصیل حضرو کے گاؤں شادی خان میں اے پی پی سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ پی ایس ملک انصار، سینئر صحافی نثار علی خان، غلام شبیر، عمر فاروق خان، سرفراز ڈار، افتخار ڈار، ملک عمران اعوان پائندہ، ڈی ایس پی حضرو ملک اقبال، انسپکٹر سردار فاروق خان، حاجی احسان خان، شوکت آرائیں، زین خان سمیت اہلیان شادی خان سمیت چھچھ بھر سے مختلف مکاتب فکر کی شخصیات موجود تھیں۔ جہانگیر خانزادہ نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے زمبابوے ٹیم کو جب حکومت پاکستان بلا رہی تھی تو اس کی تمام تر نگرانی شہید شجاع خانزادہ کے سپرد تھی ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے خون کا نذرانہ بھی پیش کرنا پڑا ملک میں قیام امن اور کرکٹ کی بحالی کیلئے کرونگا پھر دنیا نے دیکھا زمبابوے کی ٹیم آئی، اس کے بعد پی ایس ایل اور ورلڈ کی ٹیمیں آئیں اور یہ سب قانون نافذ کرنے والے اداروں، سول سوسائٹی اور بچوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔قوم کو آئندہ بھی ہماری ضرورت پڑی تو ہم قربانی دیں گے، ہمارا ہونا نہ ہونا معنی نہیں رکھتا پاکستان سب سے مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت سے صرف چھچھ نہیں پورے پاکستان کا نقصان ہوا ہے اور یہ دکھ ہم کبھی نہیں بھلا سکیں گے، یہ کمی پورا چھچھ آج بھی محسوس کررہا ہے۔ کرنل شجاع خانزادہ پورے علاقہ چھچھ کو اپنا گھر سمجھتے تھے اور لوگوں کے قلوب میں بستے تھے،ایک سوال پر جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ شجاع خانزادہ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے، انتقامی سیاست سے کوسوں دور ہیں اور ہمارا کوئی کاروبار نہیں جس کو ہم سیاست میں بڑھانے کیلئے سیاست میں موجود ہوں ہمارا مشن و مقصد صرف اور صرف اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت ہے یہی وجہ ہے کہ عوام نے دیکھا کہ جب 2018کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے راولپنڈی ڈویژن میں کلین سویپ کیا تو ایک ہماری سیٹ ہی تھی جس پر عوام نے مجھے ایم پی اے منتخب کیا۔