نشتر ہسپتال ملتان میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی سیٹیں بڑھائی جائیں گی ؛ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب عمران سکندر بلوچ

14

ملتان ، 26 اگست  (اے پی پی ): سیکرٹری ہیلتھ پنجاب عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ نشتر ہسپتال میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی سیٹیں بڑھانے کے علاوہ ڈاکٹروں کی تعیناتیاں ، رہائشی ٹاور اور ایم سی پی ایس ٹریننگ بھی شروع کروائی جائیگی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے   نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کے دورے کے دوران پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر صدر پی ایم اے ملتان ڈاکٹر مسعود الروف ہراج اور دیگر نے بتایا کہ نشتر ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا ہے، کروڑوں روپئے کی لینئر ایکسلیریٹر مشین غیر فعال ہے، اسی طرح پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کی سیٹیں نہایت کم ہیں جو کہ فوری بڑھانے کی ضرورت ہے جبکہ ساتھ ساتھ ایم سی پی ایس ٹریننگ شروع کروانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 وفد نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ملتان کے ڈاکٹروں کو ہارڈ ایریا الاونس اور کے پی الاونس کے ذریعے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے جبکہ ڈاکٹروں کی رکی ہوئی آن پے سکیل ترقیاں کی جائیں جبکہ سیاسی بنیادوں پر جن ڈاکٹروں کے تبادلے کئے گئے وہ احکامات فوری واپس لئے جائیں اور برن یونٹ کی رکی ہوئی ایس این ای فوری منظور کی جائے۔

 اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ پنجاب عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹروں کے تمام مسائل جلد حل کئے جائیں گے ۔

 اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف بھی موجود تھے،ادھر وفد میں ڈاکٹر رانا خاور ڈاکٹر طارق وقار ڈاکٹر شیخ عبد الخالق ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر ڈاکٹر وقار نیازی اور دیگر شامل تھے۔

اے پی پی /کاشف/قرۃالعین