نواز شریف نے پاکستان کی سالمیت ، دفاع اور بقاء کے لئے جو کام کیے ملک کا ذرہ ذرہ اس کی گواہی دے رہا ہے؛ مریم اورنگزیب

29

اسلام آباد،10اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان کی سالمیت ، دفاع اور بقاء کے لئے جو کام کیے ملک کا ذرہ ذرہ اس کی گواہی دے رہا ہے۔

 بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ   افواج پاکستان کے ساتھ لڑائی عمران خان  نے خود شروع کی اور وہ اپنا موازنہ نواز شریف کے ساتھ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو نواز شریف سے کیسے ملا سکتے ہیں؟ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم رہے ہیں، انہوں نے اپنا اقتدار قربان کیا لیکن آئین پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کو جتنی ترقی دی عمران خان اس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اس ملک کی سالمیت، بقا اور دفاع کیلئے جو کام کئے پاکستان کا ذرہ ذرہ اس کی گواہی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے صرف یہ کہا تھا کہ ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور آج بھی ہمارا یہی موقف ہے لیکن عمران خان اداروں کو بغاوت اور سیاسی مداخلت پر اکساتے رہے۔