اسلام آباد، 26 اگست (اے پی پی ): وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس بحال کرکے کھلاڑیوں اور نوجوانوں سے کیا وعدہ پورا کردیا ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں میں انعام تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل سپورٹس کو بحال کر دیا ہے ۔ فخر پاکستان، گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے تقریب میں وزیراعظم سے ڈپارٹمنٹل سپورٹس پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی۔ وزیراعظم نے کہا کھلاڑی قوم کا فخر اور ہمیں ان سب پر ناز ہے۔
عمران خان حکومت نے ستمبر 21ء میں 30 مختلف کھیلوں کی ڈیپارٹمنٹل سپورٹس ختم کر دی تھی اور کھلاڑی بےروزگار تھے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدربریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر سمیت مختلف کھیلوں سے وابستہ شخصیات،تنظیموں اور صحافیوں سمیت متعلقہ اداروں نے وزیراعظم کے اس اقدام کو سراہا ہے۔وزیراعظم کے اس فیصلے سے کھلاڑیوں کو مختلف اداروں میں روزگار ملے گا اور کھیلوں کا معیار بہتر ہونے کے امکانات پیدا ہوں گے۔











