لاہور، 3اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگس نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ تعلقات کے فروغ، صحت، تعلیم،زراعت، لائیوسٹاک، سپورٹس اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال سمیت پولیس اور دیگر شعبوں کے افسروں کی تربیت کے لئے ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیاگیا۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر چودھری پرویزالٰہی کو مبارکباد دی اور اسٹیٹ آف آرٹ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر پر وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کے ویژن کو سراہا ۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان او رآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔انھوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں آسٹریلیا کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے ۔ دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا۔ میرے سابقہ دور میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زراعت، ڈیری ڈویلپمنٹ اور لائیوسٹاک میں آسٹریلیا کو بہت مہارت حاصل ہے۔ ان شعبوں میں آسٹریلین ماڈل سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی آسٹریلیا کے لئے سرمایہ کاری کیلئے گراں قدر مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے کلچرل وفود کے تبادلوں سے بھی تعلقات میں اضافہ ہو گا۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے اور شراکت داری بڑھائیں گے ۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔











