وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا آغاز کر دیا

5

لاہور،24 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر پولیو کے خلاف مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔  صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر اختر ملک اوررکن پنجاب اسمبلی شہباز احمد نے بھی بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے۔

اس حواے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں قومی انسداد پولیو مہم 28 اگست تک جاری رہے گی۔ خصوصی مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں کو انسدادپولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم میں دو لاکھ سے زائد پولیو انھوں نے کہا کہ ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پنجاب میں اکتوبر 2020 سے پولیو کا کوئی کیس منظر عام پر نہیں آیا۔مثبت ماحولیاتی نمونوں کے باعث راولپنڈی، بہاولپور اور لاہور پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مثبت ماحولیاتی نمونے واضح پیغام ہے کہ والدین اپنے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں۔ ہم اس پولیو سے اپنے بچوں کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے،اس جنگ کو جیتنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی عمر  فاروق،  چیف سیکرٹری کامران افضل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری ہیلتھ، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور، یونیسف کے فوکل پرسن اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔