سیالکوٹ،29اگست (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پیر کو یہاں ایوان صنعت و تجارت میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے دفتر کا افتتاح کر دیا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جب بھی حکومت آئی اس نے ملکی صنعت کے فروغ کے لیے اہم اور موثر اقدامات کیے اور ہم مستقبل میں بھی اس عمل کو جاری رکھیں گے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ ملکی صنعت کو فروغ دیا جائے تاکہ ملک آگے بڑھے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کئی بار میثاق جمہوریت کی بھی بات کی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیاسی موسم بدلتے رہتے ہیں اور حکومتیں بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں لیکن ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رہنا چاہیئے اور ملکی معیشت کی سمت درست ہونی چاہیئے تب ہی ملک ترقی کر سکتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور ائیر سیال کے بعد سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا یہ بھی انتہائی اہم اور احسن اقدام ہے کہ وہ نسٹ کے ساتھ ملکر آگے بڑھ رہے ہیں جس سے دونوں کو فائدہ ہو گا اور ملک آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے بھی یہ اعزاز کی بات ہے کہ آج مجھے اس بڑے ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ نسٹ یونیورسٹی اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا یہ رشتہ پوری سیالکوٹ انڈسٹری کے لیے کارآمد اور مفید ثابت ہو گا جس سے سیالکوٹ شہر کی صنعت کو مزید فروغ بھی ملے گا۔
اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدر زوہیب رفیق سیٹھی، نائب صدر قاسم ملک اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ )کے ڈاکٹر رضوان ریاض ، جنرل مینجر کوآپریٹوافئیرز صنامقبول اور ڈائریکٹر انوویشن کمرشلائزیشن محمد انور ظہیر بھی موجود تھے۔