کوئٹہ،22 اگست(اے پی پی ): کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ہزارہ ٹاون کا دورہ کیا۔انہوں نے ہزارہ ٹاون کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور لوگوں میں گھل مل گئے۔ انہوں نے علاقے کے درپیش مسائل اور حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے متعلق آگاہی حاصل کی اور ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ۔
اس موقع پر کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے علاقہ مکینوں سے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو پاک فوج کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام انتظامیہ کو ہمیشہ اپنے درمیان پائے گی۔ انہوں نے اس عزام کا اعادہ کیا کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی۔
آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل امیر اجمل ، کمشنر کوئٹہ سہیل الرحمن بلوچ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر ناصر، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، رکن مرکزی کونسل داود چنگیزی اور ہزارہ برداری کے دیگر معزیزین بھی موجود تھے۔











