اسلام آباد،25اگست (اے پی پی): پاک فضائیہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ آپریشن کے دوران حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے افراد میں 12375 پاؤنڈ امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کے قائم کردہ فیلڈ ہسپتالوں میں پی اے ایف کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ٹیموں نے 346 مریضوں کا مفت علاج کیا اور انہیں ادویات فراہم کیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب زدگان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مسلسل مصروف ہیں۔ ملک بھر میں خاص طور پر سیلاب زدہ علاقوں میں نامساعد موسمی حالات کے باوجود پی اے ایف اہلکار سیلاب متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔