اسلام آباد،04 اگست (اے پی پی ): کامن ویلتھ گیمز 2022ء میں پاکستان نے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرلیاہے ،ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے تاریخ رقم کرتے ہوئےسنیچ ، کلین اینڈ جرک میں سب سے زیادہ وزن اٹھایا۔انہوں نے 109+ کلو گرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا اورمجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھایا۔
ویٹ لفٹنگ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی نے 394 کلوگرام وزن اٹھا کر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ بھارتی حریف 390 کلوگرام وزن اٹھا کر تیسری پوزیشن حاصل کرسکا۔میڈل کی تقریب کے دوران ویٹ لفٹنگ ہال میں پاکستانی پرچم سربلند، ہال پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
دوسری جانب کامن ویلتھ گیمز میں جوڈو کے کھیل میں پاکستان کے شاہ حسین شاہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے، 90 کلوگرام کیٹیگری میں شاہ حسین شاہ نے جنوبی افریقی حریف کو شکست دی ہے،کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے اب تک 1 سونے کا اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔