رحیم یار خان،02 اگست(اے پی پی ): ڈویژنل کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے ریجنل پولیس آفیسر صادق علی ڈوگر کے ہمراہ ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا ،ڈویژنل افسران نے محرم الحرام کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔
کمشنر بہاولپور راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی معمولی خلاف ورزی بھی نظر انداز نہیں کی جائے گی ۔
کمشنر بہاولپور نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی شروع کی جائے، بہاولپور ڈویژن میں مثالی بین المذاہب ومسالک ہم آہنگی موجود ہے، ڈویژن کے تمام اداروں کے مابین بہترین باہمی روابط کی موجودگی خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بہاولپور میں محرم و الحرام کے دوران جلوس اور مجالس کے انعقاد کے لئے فول پروف سیکورٹی و انتظامی امور یقینی بنائے گئے ہیں ۔
آر پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر موقع پر اپنی دینی و قومی خدمات سر انجام دیں جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سازگار ماحول کے لئے امن و انصاف کو ساتھ لیکر چلیں گے، ضابطہ اخلاق اور اوقات کار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قانون کا اطلاق صرف محرم الحرام کی تقریبات نہیں بلکہ تمام قابل گرفت اقدامات پر ہو گا، محرم تقریبات سمیت عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے ،ڈویژن کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا جبکہ بزنس کمیونٹی سمیت ہر شہری کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
آر پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کا قلع قمع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ، علمائے کرام اور لائسنس داران نے جس انداز سے حکومتی اداروں کی سپورٹ کے عزم کا اظہار کیا ہے وہ حوصلہ افزاء ہے۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ پر امن محرم الحرام کے انعقاد میں انتظامیہ، پولیس اور اداروں کے ساتھ ہیں،ہمارے ضلع کا شمار پنجاب کے پر امن اضلاع میں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کے فروغ میں علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔
ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ قیام امن کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیوریج کے مسائل موجود ہیں اور اس کے ازالہ کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ضلع میں محرم الحرام کے دوران 226 جلوس اور 457 مجالس منعقد کی جائیں گی۔اے کیٹگری کے 24 جلوس اور 39 مجالس شامل ہیں ۔ جلوس و مجالس کے روٹس پر صفائی ستھرائی، سیوریج مسائل اور بجلی کی تاروں کی درستگی قبل از وقت یقینی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی، ضلعی و تحصیل سطح پر امن کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کر کے مسائل حل کئے گئے ہیں ۔
ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ محرم الحرام کے 10 روز بلخصوص یوم عاشور کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں ،محرم الحرام میں سیکورٹی کے لئے فوج، رینجرز،پنجاب کانسٹیبلری اور ایلیٹ فورس کی مدد بھی لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام جلوس و مجالس اور روٹس کی سی سی ٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔
کمشنر اور آر پی او بہاولپور نے امام بارگاہ لنگر حسینی اور حیدری ٹرسٹ کا بھی دورہ کیا،ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا اور ڈی پی او اختر فاروق نے محرم الحرام انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس سلسلے میں ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ اور ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے محرم الحرام کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ۔











