گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا نیشنل مینارٹی ڈے کی مناسبت سے تقریب سے خطاب

8

لاہور، 11اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں محبت،پیار، امن و سلامتی اور اخوت کا درس دیتا ہے۔پاکستان بلا رنگ مذہب و نسل کی تفریق سب کا ہے ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق اسے ڈھال کر ایک فلاحی مملکت بناناہے ۔اقلیتیں ہمارے ماتھے کا جھومر اور درخشندہ ستارہ ہیں ۔حالات کیسے بھی ہوں ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے ہمارے مسیحی،سکھ اورہندو بھائیوں کی قربانیاں ہمیشہ مشعل راہ ہیں۔وہ گورنر ہاس لاہور میں نیشنل مینارٹی ڈے کی مناسبت سے مسلم لیگ (ن)مینارٹی ونگ کے زیراہتمام تقریب کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر سینیٹر کامران مائیکل، مرکزی صدر مسلم لیگ مینارٹی ونگ سریش کمار،اندرجیت سنگھ،سینئر صحافی نعیم قیصر،شکیل مارکس کھوکھراورپاسٹر شہزاد صدیق نے بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ آج پاکستان میں غیر مسلم اقلیتیں جس قدر آزادی اور سکون سے زندگی گزار رہی ہیں یہ اس خطے میں بسے والوں کے لئے ایک روشن اور تابناک مثال ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے کسی خطے میں جائیں یا کسی شعبہ حیات کا جائزہ لیں کوئی ایسا مقام اور میدان نہیں کہ جس میں اقلیتی بھائی ہمارے شانہ بشانہ نہ چل رہے ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج کے دور میں انسانیت جس قسم کی صورت حال سے دو چار ہے ان حالات میں مذہبی ہم آہنگی کے لئے باہمی رواداری اور محبت و چاہت کے رشتوں کو زیادہ مضبوط اور مستحکم بنانے کی ضرورت ہے اور اسی میں انسانیت کی بقاء کا راز مضمر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ ہر شخص اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقلیتوں کو ترقی کے برابری کے مواقع فراہم کئے ہیں اور پارٹی قیادت نے کامران مائیکل کوپہلا وزیر خزانہ بنایاجبکہ وزیر انسانی حقوق سمیت اہم وزارتیں اور سینیٹ میں بھی پہلا مسیحی سینیٹر نامزد کیا ۔گورنر پنجاب نے اس موقع پرحکومتی،عدالتی اور دفاع کے شعبوںمیں تمام پاکستانی اقلیتوں کی خدمات کو سراہا ۔

اس موقع پر سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی اقلیتی برادی سے تعلق رکھنے والا پاکستانی کبھی ملک سے بے وفائی کا مرتکب نہیں ہوا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا بھر میں ملک کا روشن چہرہ آشکار کیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی جو خدمت کی وہ ایک محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔تقریب کے اختتام پر شہدائے لسبیلہ ،پاک افوج اورپولیس کے شہدائے کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔