لاہور، 18 اگست ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکریٹری ہائر ایجوکیشن کو نیا چارٹر اپلائی کرنے والی یونیورسٹیوں کے کیسز کم مدت میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر متعلقہ جامعات اس حوالے سے طے کردہ معیار پہ پورا اترتی ہیں تو پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن 90 دن کے اندر یونیورسٹیوں کے نئے چارٹر کیسز فارورڈ کرے گا۔
یہ ہدایت گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن شاہد منیر اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نجف اقبال کو دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے دیں ،ملاقات میں اعلی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے گفتگو اور اہم فیصلے کیے گئے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ 30 دن کے اندر چارٹر اپلائی کرنے والی یونیورسٹی کے بارے میں فیصلہ کرے گا۔ وائس چانسلرز، ڈینز ، کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کی خالی پوسٹوں پر تعیناتی کا عمل 6 ماہ قبل شروع کیا جائے ،یونیورسٹی میں گورننس کے معاملات بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ وائس چانسلرز سمیت اہم پوسٹوں پہ ریگولر اور بروقت تعیناتیاں کی جائیں جبکہ پروفیسرز کی سلیکشن کے حوالے سے یونیورسٹی میں مروجہ طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جامعات میں اساتذہ کو معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور اس کے بارے میں واضح گائیڈ لائنز بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیاں اعلی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔جامعات میں کی جانے والی ریسرچ کی انڈسٹری سے لنکج بہت ضروری ہے اعلی تعلیم کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال کر ملک کو ترقی کی راہ پہ گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ہے بطور چانسلر جامعات میں گورننس کے معاملات میں بہتری لانا اور اعلی تعلیم کا فروغ ترجیح ہے۔
اس موقع پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر نبیل احمد اعوان بھی پر موجود تھے ۔











