یوم استحصال کشمیر پر فیصل آباد میں کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئےریلیاں نکالی جائیں گی؛صاحبزادہ حافظ محمد امجد

9

 

فیصل آباد ، 1 اگست   (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) علما ومشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا  ہے  کہ5 اگست بروز جمعہ کو بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 3 سال مکمل ہونے پرفیصل آباد میں کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کی جائے گی اور اس موقع پر ریلیاں بھی نکالی جائیں گی تاکہ عالم اقوام کی توجہ کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے ظلم و ستم کی جانب مبذول کروائی جاسکے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ5 اگست بروز جمعہ کوتمام مساجد میں منعقدہ اجتماعات کے دوران کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے سلوک پر زوردار آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے بھارتی اٹوٹ انگ قرار دینے والے احمقوں کی جنت میں بستے ہیں۔

 صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ کشمیری ہمارے بھائی اور دو جسم ایک جان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی جبکہ ظلم تو بس ظلم ہے جتنا بڑھے گا اتنا ہی جلدی مٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) علما ومشائخ ونگ کے زیر اہتمام بھارتی حکومت کے خلاف جمعہ کو بھر پوراحتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں ہزاروں کی تعداد میں شہری اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیر کی قانونی حیثیت بحال کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 5 اگست یوم سیاہ کے موقع پر اپنے کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سول سوسائٹی، علما کرام،تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افرادبڑھ چڑھ کر احتجاج میں حصہ لیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے جبری تسلط میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں لیکن اقوام عالم اس پر خاموش ہے جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کی پالیسیوں کی تائیداور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔