بہاولنگر،04 اگست (اے پی پی ): بہاولنگر میں یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے عبدالرزاق شہید پولیس لائنز میں تقریب کا انعقادکیا گیا۔ ضلع پولیس کے افسران، اہلکاران وشہداء کی فیملیز نے شرکت کی اورپولیس کے چاک و چوبند دستے نے یاد گار شہداء پر سلامی پیش کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے کہا کہ بہاولنگر ضلع کے 24 افسروں اور جوانوں نے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور کہا کہ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھولے نہیں اور نہ ہی کبھی بھولیں گے ،شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے اس گلشن کی آبیاری کی ہے۔ پولیس کے افسر جوان آئندہ بھی فرض کی ادائیگی میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بعدازاں ڈی پی او نے شہداء کے گھر جاکر فیملیز میں پھول اور تحائف تقسیم کیے۔