وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی آفس سے واپسی پر اچانک شاہ جمال پہنچ گئے، ڈینگی سرویلنس ٹیم کی سرگرمیوں کا جائزہ

2

لاہور22 ستمبر( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی وزیر اعلی آفس سے واپسی پر اچانک شاہ جمال پہنچ گئے اور شاہ جمال میں انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ لیااور سرویلنس ٹیموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو چیک کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے انسداد ڈینگی اقدامات سے آگاہی کے لئے لوگوں میں پمفلٹ تقسیم کیے۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھروں کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ایک گھر سے برآمد ہونے والا لاروا دکھایا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے علاقے کے مکینوں سے انسدادڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کے بارے میں گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے لاروا برآمد ہونے والے ایک گھر کے مکین فرحان سے بات چیت کی اور انہیں ڈینگی سے بچاؤ کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اس موقع پر انسداد ڈینگی ٹیم کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس گھر سے لاروا برآمد ہو، اس کے اردگرد کے گھروں میں سپرے کرایا جائے۔سرویلنس ٹیمیں ہاٹ سپاٹ گھروں اور علاقوں کے باقاعدگی سے وزٹ کریں۔پارکس اور گرین ایریاز کی خصوصی چیکنگ کی جائے اور باقاعدگی سے سپرے کیا جائے اور جہاں بھی پانی کھڑا ہے، اسکا جلد از جلد نکاس یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی مہم کو مزید موثر انداز میں جاری رکھنے کا حکم دیا۔کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور محکمہ صحت کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔