محتسب پنجاب عوام کےلیے شکایات کے حل اور انصاف کی فراہمی کا سستا ذریعہ ہے: گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

7

لاہور، ستمبر 22(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے ملاقات کی اور گورنر  پنجاب کو سالانہ رپورٹ پیش کی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سال 2020،21 میں سائلین کو 880.851 ملین کا مالی ریلیف دیا گیا اور 985 ملین لاگت کی 17480 کنال سرکاری زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گورنر پنجاب نے  محتسب پنجاب کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں میں 99 فیصد محتسب کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ محتسب پنجاب عوام کےلیے شکایات کے حل اور انصاف کی فراہمی کا سستا ذریعہ ہے. گورنر پنجاب نے محتسب پنجاب کے آفس میں ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام کو بھی سراہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ محتسب پنجاب کے فیصلے اردو میں ہونے سے عام عوام کے لیے سہولت پیدا کی گئی ہے. محتسب پنجاب نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ سائلین کے لیے محتسب پنجاب کی موبائل اپلیکیشن انگلش اور اردو میں دستیاب ہے.  عوام میں آگہی پیدا کرنے کے لیے محتسب پنجاب کے آفس میں میڈیا سیل بنایا گیا ہے.  محتسب پنجاب نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی زمینوں کے قبضوں کے معاملے میں قانون کے مطابق ریلیف دے رہے ہیں.