اوکاڑہ؛ ضلعی   پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس، مختلف اشیاء کی قیمتوں کا  جائزہ لیا  گیا

21

اوکاڑہ،16ستمبر(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال کی زیر صدارت  ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عوام کو سستے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں حکومتی ہدایات کے مطابق اقدامات کیے گئے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز پرائسز، ویٹس اینڈ میرز خالد جاوید بھٹی نے اجلاس کو اشیائے ضروریہ کی طلب اور رسد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں تمام ضروری اشیاءدستیاب ہیں،ضلع اوکاڑہ میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع اوکاڑہ سے ملحقہ اضلاع کے مقرر کردہ نرخ اور ضلع فیصل آباد اور ضلع اوکاڑہ کے ہول سیل قیمتوں کا تقابلی بھی پیش کیا۔

 اس موقع پر ممبرکنزیومر پروٹیکشن کونسل  صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے اجلاس کو بتایا کہ مارکیٹ میں دوکانداروں کی جانب سے ڈالر کی قدراور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی آڑ میں مختلف اشیا کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کررکھا ہے جس سے عوام بُری طرح متاثر ہورہے ہیں، روزمرہ اشیاء ضروریہ سمیت بیکری کی اشیاء میں من مانے اضافے کا نوٹس لیا جانا ضروری ہے۔

مرکزی انجمن تاجران ضلع اوکاڑہ کے صدر چودھری سلیم صادق نے اجلاس کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ انڈسٹری پرائسز ویٹس اینڈ میرز کے پیش کردہ نرخوں اور فیصل آباد منڈی کے ہول سیل ریٹس میں بڑا فرق ہے، جسکی سب سے بڑی وجہ پٹرول، بجلی اور نقل وحمل کے اخراجات میں اضافہ اور ہول سیل مارکیٹ سے مہنگے داموں اشیاء کی خرید ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری پرائسز ویٹس اینڈ میرز خالد جاوید بھٹی نے اجلاس کو مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے سابقہ  اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی طرف سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ انجمن تاجران کے نمائندے ضلع فیصل آباد اور دیگر ہول سیل منڈیوں سے خریدی گئی اشیائے ضروریہ کی رسیدیں / خریداری کی رسیدیں غور کے لیے اجلاس میں پیش کریں گے ،تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظرثانی کی جا سکے  لیکن انجمن تاجران نے قیمتوں کی رسیدیں فراہم نہیں کیں۔

اجلاس نے متفقہ طور پر سابقہ اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی مقرر کی گئی قیمتوں میں کوئی رد وبدل نہیں کیا۔اجلاس میں ممبر کنزیومر پروٹیکشن کونسل مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ ،صدر سبزی منڈی چودھری محمد اشرف ، صدر انجمن قصابان سرفراز گوگا، صدر انجمن تاجران رینالہ خورد چودھری شکیل ، صدر انجمن تاجران دیپالپور چودھری محمد سلیم سمیت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس،سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی ، ہوٹل مالکان، محکمہ پولیس ، محکمہ میونسپل کارپوریشن،محکمہ فوڈ، ڈسٹرکٹ ٹارنی ،محکمہ زراعت ، محکمہ لائیو سٹاک کے افسران نے شرکت کی۔