اوکاڑہ:ضلعی انتظامیہ کے ذریعے 27 ٹرک سیلاب زدگان کے علاقوں میں بھجوائے ،ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا

27

اوکاڑہ،20ستمبر(اے پی پی) :رہنما پاکستان تحریک انصاف و ممبر صوبائی اسمبلی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری اور ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد ہماری ذمہ داری اور فرض اولین ہے مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے پنجاب سمیت پورے ملک میں سیلاب زدگان کی بحالی اور ان کے گھر وں کی تعمیر نو کا کام شروع ہو چکا ہے اس کار خیر میں ہم ایک ذمہ دارپاکستانی کے طور پر اپنا کردار ادا کریں گے ہم بلا امتیاز کسی سیاسی وابستگی، فرقہ،گروہ اور برادری کے ایک خود دار قوم کے طور پر آگے بڑھیں گے اور اس انداز میں سیلاب زدگان بھائیوں کی مدد کریں کہ کسی کی عزت نفس مجرو ح ہو انشاء اللہ سیلاب زدگان کی بحالی اور ان کو ان کے گھروں میں آباد کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ضلع اوکاڑہ کی انتظامیہ، سیاسی عمائدین، پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،انجمن تاجران اورشہریوں کی جانب سے سیلاب زدگان کو اشیائے ضروریہ، خیموں،مچھر دانیوں، ترپالوں،برتنوں،کپڑوں،بستروں ادویات اور زندگی کی دیگر ضروریات پر مشتمل اشیاء کے 9 ٹرک روانہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ ضلع کے غیور عوام،تاجر اور سیاسی عمائدین نے پہلے بھی سامان اور عطیات جمع کر کے ضلعی انتظامیہ کے ذریعے 27 ٹرک سیلاب زدگان کے علاقوں میں بھجوائے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں 9 ٹرک اور 2 کروڑ50 لاکھ روپے سے زائد کے عطیات بھجوائے جا رہے ہیں جو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ذریعے شفاف انداز میں متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے ممبر صوبائی اسمبلی پیر سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے جینے کی امید بنیں گے اور اس کارخیر میں اوکاڑہ کی غیور عوام پہلے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اب بھی لے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی لیتے رہے گے انہوں نے کہا کہ میں اپنے رفقاء کار چوہدر ی سلیم صادق،مہر محمد جاوید،ڈاکٹر اظہر محمود، رائے احمد حسن، تا جر تنظیموں کے نمائندوں سمیت یہ امداد متاثرہ لوگوں تک پہنچائیں گے اور اپنی نگرانی میں مقامی انتظامیہ کے ذریعے امدادی سامان اور رقوم متاثرین میں تقسیم ہو گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال،اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور رانا اورنگزیب، اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد قمر محمود منج، پی ٹی آئی کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق، مہر محمد جاوید،ڈاکٹر محمد اظہر محمود سمیت سماجی کارکن رائے احمد حسن،قاضی محمد اسلم اوکاڑوی اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں، عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔بعدازاں قاضی محمد اسلم اوکاڑوی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، سیلاب زدگان کی نصرت اور ان کی بحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔