اوکاڑہ،17ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد فرقان بلال نے ضلعی انتظامیہ کے دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے سلسلہ میں برآمد ہونے والے جلوس کے راستوں کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے ایف بلاک میں واقع مرکزی امام بارگاہ ایوان حسین کا دورہ کیا جہاں پر منتظم مرکزی امام نارگاہ سید کوثر رضوی نے انہیں چہلم حضرت امام حسین ؑ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس اور روٹس کے متعلق تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ ضلع اوکاڑہ ہمیشہ امن کا گہوارا کہلاتا ہے کیونکہ یہاں ضلعی امن کمیٹی فعال ہے اور ہمیشہ ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈمحمد فرقان بلال نے اوکاڑہ شہر کے مرکز میں مسجد جامعہ عثمانیہ گول چوک جو کہ جلوس کے روٹ کا اہم حصہ ہے کا بھی جائزہ لیااور وہاں جامعہ عثمانیہ گول چوک اوکاڑہ کے ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید احمد عثمانی نے مسجد کی خستہ حالی بوسیدہ صورت حال کے بارے اعلیٰ افسران کو بریف کیا۔
بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کے افسران نے صفائی ستھرائی اور سیکورٹی پوائنٹس کا بھی جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسنین خالد سنپال،اسسٹنٹ کمشنر ملک راشد نعمت، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر چوہدری محمد اشرف،اور دیگر متعلقہ ضلعی افسران کے علاوہ عوامی نمائندے چودھری محمد سلیم صادق،حاجی عبدالحمید جج و دیگر شامل تھے۔