اوکاڑہ،21ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے شہر کے جنوبی حصہ کا دورہ کرتے ہوئے گارڈن ٹاؤن میں واقع پارک کے مختلف حصے دیکھے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارک کو بہتر حالت میں برقرار رکھنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ پارک میں پھولدار پودوں کا اضافہ کیا جائے اور اس پارک کو مثالی سیرگاہ بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے سرکی محلہ اور علامہ اقبال روڈ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمہ، علامہ اقبال روڈ پر بنائی گئی ڈرین کو کھولنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کے کنارے جہاں مناسب جگہ دستیاب ہو وہاں پر شجرکاری کی جائے اور ہرسڑک کے ساتھ بارش کے پانی کے نکاس کے لئےانتظامات کئے جائیں اورسڑیٹ لائٹس پر توجہ مرکوز کی جائے۔اس موقع پر سی ای او میونسپل کمیٹی عمر نسیم اور متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلیان علاقہ بھی موجود تھے۔











