ترقیاتی منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا ہے؛وزیراعلیٰ پنجاب

24

لاہور،22 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے جامع ایکشن پلان بنایا ہے،سیکرٹریز کی کارکردگی کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے لنک کیا ہے،منصوبوں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں  ایم پی اے سعید احمد سیدی،سابق ایم این چودھری اشفاق اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون کاشف اشفاق سے  ملاقات میں کیا ، ملاقات میں  ترقیاتی منصوبوں اورعمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیر اعلی آفس سے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر ہونے والی پیشرفت کی نگرانی کی جائے گی، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کا خود باقاعدگی سے جائزہ لوں گا، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمعیار یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت صوبہ بھر کے کاشتکاروں کے آبپاشی سے متعلق مسائل حل کیے جائیں گے ۔

اس موقع پر سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر بھی موجود تھے۔